وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام موجود نہیں ہے۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ برطانوی جریدے نے سفارتکاری کے میدان میں اور بھارت کے ساتھ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا کریڈیٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیا ہے، جو ان کی قیادت اور حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستان کی مجموعی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشیں واضح اور قابلِ ستائش ہیں، اور ان کے کردار پر کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔
ادھر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کی کامیابی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سر ہے، خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان کے دنیا کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں، چین اور امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ عرب ممالک بھی پاکستان کی حمایت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے بھی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی متاثر کن شخصیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بدلتے ہوئے عالمی نظام میں ایک مؤثر اسٹریٹیجک رہنما قرار دیا ہے۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر بھی قرار دیا ہے۔