پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جبکہ 2025 کا سورج غروب ہونے میں اب صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اور مختلف ممالک میں سال نو کے جشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
دنیا کے مختلف حصوں میں نئے سال کے استقبال کے لیے تقریبات، روشنیوں اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں عوام بڑی تعداد میں جمع ہو کر روایتی انداز میں پرانے سال کو رخصت اور نئے سال کو خوش آمدید کہیں گے۔
2026 کا سورج سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے اُفق پر طلوع ہوگا، جہاں پاکستانی وقت کے مطابق آکلینڈ میں شام 4 بجے نئے سال کا آغاز ہوگا، جبکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شام 6 بجے سال نو کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
دبئی کے بُرج خلیفہ پر رات 12 بجے شاندار آتش بازی اور روشنیوں کا مظاہرہ کیا جائے گا، نیویارک کے ٹائم اسکوائر میں رات 2 بجے روایتی بال ڈراپ تقریب کے ساتھ نیا سال منایا جائے گا، جبکہ لندن اور پیرس میں کل صبح 4 بجے سال نو کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔
روایتی کاؤنٹ ڈاؤن کے دوران دنیا بھر میں بڑی تعداد میں جمع ہونے والے افراد نئے سال کے لیے دعائیں کریں گے، اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو مبارکباد دیں گے، جبکہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نیو ائیر ٹی پارٹی کے موقع پر روایتی اوپرا پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی نئے سال کے موقع پر جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جہاں مختلف مقامات پر آتش بازی کے مظاہروں کے ذریعے سال نو کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
رات 12 بجتے ہی کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ میں خصوصی آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے ساتھ ہی نئے سال کا آغاز خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ کیا جائے گا۔