وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط شراکت داری ملک کے مفاد میں بہترین ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام کے لیے سول اور عسکری قیادت کا یکساں وژن نہایت اہم ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں فتح کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر ایک منفرد مقام حاصل کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اب پاکستان کی بات سن رہی ہے اور مختلف ممالک سرمایہ کاری کے لیے پاکستان سے رابطے کر رہے ہیں، جو عالمی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور معاونت کے بغیر کئی اہم مسائل کا حل ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں فوج کا کردار ہمیشہ ذمہ دارانہ اور تعمیری رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور فوج کی یہ شراکت داری اسی طرح برقرار رہی تو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اور باوقار ملک کے طور پر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تیزی سے مضبوط ہوتی ہوئی پوزیشن دیکھ کر بھارت کو بھی حیرت کا سامنا کرنا پڑے گا کہ پاکستان کس طرح ایک طاقتور ملک بن کر سامنے آ رہا ہے۔