ملک کے مختلف شہروں میں حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگا۔
حج درخواست فارم آج سے 14 مختلف بینکوں کی برانچز میں دستیاب ہوں گے اور درخواستیں مکمل کرنے کے بعد 6 مارچ تک مختلف بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔
حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو کی جائے گی جس کے تحت خوش نصیب افراد کے ناموں کا اعلان ہوگا۔
حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔
کوئٹہ میں مختلف مقررہ بینکوں کی جانب سے عازمین حج کو حج درخواستوں کا اجراء شروع ہوچکا ہے جہاں حج درخواستوں کے اجرا اور وصولی کے لیے علیحدہ کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
بینکوں کا عملہ عازمین حج کو درخواستوں کے اجراء کے علاوہ مناسب رہنمائی بھی فراہم کررہا ہے۔
اس مرتبہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے ذریعے 71 ہزار 684 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔