وزیراعظم شہباز شریف نے افغان طالبان کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ان کا عزم ہے کہ ملک کے امن و استحکام اور قومی تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج ہر محاذ پر چوکنا اور تیار ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے عسکری قیادت اور جوانوں کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان جدید پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل استعداد رکھتی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، تاہم قومی مفاد اور سرحدوں کے دفاع پر کوئی کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے۔