وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 83 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ اقدامات سکیورٹی صورتحال اور قانونی تقاضوں کے تحت کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افغان شہریوں کی اسکریننگ اور رہائشی ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے تاکہ ان کی قانونی حیثیت واضح کی جا سکے۔ کارروائیاں اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، مری، جہلم اور چکوال میں بھی کی گئیں۔
سکیورٹی اداروں کے مطابق کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جبکہ مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی چھان بین جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات اور اسلحہ برآمدگی سے متعلق کارروائیاں بھی اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔
ان کارروائیوں میں پولیس، لیڈی پولیس، رینجرز، ایلیٹ پولیس فورس، ڈولفن اسکواڈ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔