وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے افغان طالبان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان بھارتی پراکسی کے طور پر کام کرتا رہا تو اسے اسی نوعیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اپنے ہر شہید جوان کا حساب لینا جانتا ہے اور وقت آنے پر دنیا کو دکھا دے گا کہ وہ کس طرح جواب دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور اسرائیل افغانستان کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ اگر افغانستان پاکستان کے ساتھ پرامن اور بہتر تعلقات قائم نہیں رکھے گا تو نہ وہ خودمختار رہ سکے گا اور نہ ہی خوشحال ہو پائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے استحکام کے لیے باہمی احترام اور ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے۔