ابوظبی میں حکام نے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنی فضائی حدود ایران پر کسی بھی حملے کیلئے استعمال ہونے نہیں دے گا۔ اماراتی وزیرِ مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے پریس بریفنگ کے دوران اس مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امارات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں چاہتا۔
ریم الہاشمی نے کہا کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے تاہم امارات کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا فوجی حل ممکن نہیں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے خطے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی حملوں کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر تہران میں اماراتی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ہے اور سفیر کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ اس اقدام کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سفارتی ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ابوظبی میں اماراتی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ ملک ہائی الرٹ کی صورتحال میں ہے۔ ترجمان وزارتِ دفاع کے مطابق اماراتی مسلح افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور ملکی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔