عرب لیگ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبدالعزیز بن عبداللہ نے اعلان کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر غور کے لیے عرب لیگ کا وزارتی سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ایرانی کارروائیوں پر بھی بحث کی جائے گی۔
ریاض سے جاری بیان میں سعودی مندوب نے کہا کہ یہ اجلاس آن لائن منعقد ہوگا اور اس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران کی حالیہ کارروائیوں نے عرب ممالک کی سلامتی اور خود مختاری کو نشانہ بنایا ہے۔
عبدالعزیز بن عبداللہ کے مطابق ایرانی اقدامات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور عرب ممالک پر حملے خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی کے مترادف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں عرب ممالک کی سلامتی کو درپیش خطرات اور ایران کی مبینہ خلاف ورزیوں کا جائزہ شامل ہوگا۔ اس اجلاس کا مقصد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے مقابلے کے لیے عرب ممالک کا مشترکہ اور متحد مؤقف تشکیل دینا ہے۔
سعودی مندوب نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہیں، اس لیے عرب ممالک اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے۔