متحدہ عرب امارات پر حملوں کے دوران ایک اور پاکستانی جاں بحق ہو گیا۔ ایکس پر جاری بیان میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ’ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے بیلسٹک میزائل کو روکنے‘ کے بعد پیش آیا۔
اماراتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ابوظہبی کے علاقے بنی یاس میں بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے گرنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا۔
ابو ظہبی میڈیا آفس کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق اماراتی فضائی دفاع نے میزائل حملے کو بروقت ناکام بنایا، تاہم گرنے والے ملبے نے علاقے میں نقصان پہنچایا اور شہری کی جان لے لی۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان حملوں میں سات افراد مارے جا چکے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے دو ارکان کے علاوہ دو پاکستانیوں سمیت پانچ دیگر افراد بھی شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 145 ہے۔
منگل کے روز ایک اور پاکستانی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد حالیہ کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات میں مارے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ ایک پاکستانی دبئی میں جب کہ 2 ابوظبی میں جاں بحق ہوئے۔
اماراتی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام سے درخواست ہے کہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔