سعودی عرب میں ایک منظم بھکاری نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے جو بھیک کے ذریعے حاصل کی گئی رقوم کو حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق محمد جمیل اور گڑیا بی بی نامی مسافر، جو فیصل آباد کے رہائشی ہیں، سعودی عرب سے کراچی پہنچے جہاں کلیئرنس کے دوران انہیں مشکوک بنیادوں پر روک لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان عمرہ ویزے پر بیرون ملک گئے تھے، اور انہوں نے جہلم کے ایک ایجنٹ کشمیر علی کے ذریعے سفر کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
مزید تحقیقات کے دوران ایک منظم بھکاری نیٹ ورک سامنے آیا جو سعودی عرب میں بھیک مانگ کر رقوم جمع کرتا تھا اور یہ رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے کینیڈا میں موجود ایجنٹ کو منتقل کی جاتی تھی۔
تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایک سہولت کار افتخار عرف “وکیل” کا نام بھی ظاہر کیا، جو مختلف ممالک میں افراد کو بھیک مانگنے کے لیے بھیجنے میں ملوث ہے، جبکہ ایک بینک اکاؤنٹ بھی سامنے آیا ہے جس کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی جاتی رہی۔
حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے رسیدیں اور وائس نوٹس بھی برآمد ہوئے ہیں، جبکہ دونوں افراد کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔