سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹرز کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ اس شعبے کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک قومی نوعیت کا مسئلہ ہے جس کے اثرات ہر شعبے پر پڑتے ہیں، تاہم حکومت سندھ ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قابل عمل تجاویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس شعبے کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ ٹول ٹیکس اور دیگر صوبائی ٹیکسز میں ممکنہ ریلیف کے حوالے سے متعلقہ حکام سے مشاورت کی جائے گی تاکہ ٹرانسپورٹرز کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ سندھ اور وفاقی حکومت سے ٹول ٹیکس سمیت دیگر صوبائی ٹیکسز میں ریلیف کی درخواست کی گئی ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کا نظام چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آج سہ پہر 3 بجے کوآرڈینیشن کمیٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔