خلیجی ممالک پر نئے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد بحرین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور کویت میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر سائرن بجا دیے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر رہا ہے، جس کے باعث ممکنہ نقصان کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے حوالے سے خبر ایجنسی نے بتایا کہ سعودی عرب کے شہر الجبیل کے صنعتی علاقے میں ایک پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی۔
اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بھی الجبیل میں ایک تیل تنصیب پر آگ لگنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اس کی وجہ واضح نہیں کی گئی تھی۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق مشرقی علاقے کی جانب آنے والے 7 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، تاہم ان کے ملبے سے توانائی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب کویت میں علی السالم فضائی اڈے پر ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں 15 امریکی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جس کی امریکی حکام نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی ہے۔