وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں تاحال اس معاملے پر مکمل بریفنگ نہیں دی گئی، تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو اچھی طرح جانتے ہیں اور انہیں ایک معزز شخصیت کے طور پر دیکھتے ہیں۔
امریکی صدر کی یہ گفتگو امریکی صحافی جیکی ہینریچ کے ساتھ مختصر بات چیت کے دوران سامنے آئی، جس میں انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال انتہائی حساس ہے اور گرما گرم مذاکرات جاری ہیں، اس لیے وہ اس مرحلے پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی اپیل کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں تسلسل کے ساتھ مؤثر انداز میں جاری ہیں، اور جلد مثبت پیش رفت کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سفارتکاری کو موقع فراہم کرنے کے لیے وہ صدر ٹرمپ سے پرزور درخواست کرتے ہیں کہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی جائے، جبکہ انہوں نے ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں چند گھنٹے باقی ہیں، جبکہ پاکستان، ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ممالک جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔























































































