مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ نے مثبت آغاز کیا، جہاں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1932 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس اضافے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1.17 فیصد بہتری کے ساتھ ایک لاکھ 67 ہزار 449 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب ایشیائی شیئر بازاروں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، جہاں جاپان، جنوبی کوریا اور انڈونیشیا کے بینچ مارک انڈائسسز میں تقریباً 2 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح بھارت اور ویتنام کے اسٹاک انڈائسسز میں بھی ایک فیصد تک بہتری دیکھنے میں آئی، جبکہ شنگھائی اور ہانگ کانگ کے انڈائسسز میں ایک فیصد سے کم اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی اور عالمی مالیاتی استحکام کی توقعات مارکیٹس میں بہتری کی اہم وجہ ہیں۔