واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی زیر صدارت اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقین نے باہمی طور پر طے شدہ وقت اور مقام پر براہ راست مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، جسے خطے میں امن کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان مذاکرات سے ایک ممکنہ امن معاہدے تک پہنچنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے، جبکہ اسرائیل نے دیگر مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے براہ راست بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل نے لبنان کے ساتھ مل کر غیر ریاستی مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ لبنان کی جانب سے جنگ بندی کے قیام اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب زمینی صورتحال اب بھی کشیدہ ہے، جہاں لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 35 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے امن کوششوں کے باوجود حالات کی سنگینی برقرار ہے۔























































































