او جی ڈی سی ایل نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک کے باراگزئی ایکس-1 کنویں سے تیل و گیس کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دریافت کا اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد اس کنویں سے کمرشل پیداوار کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کنویں سے کمرشل پیداوار کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی توانائی سکیورٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف ملکی وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ سالانہ تقریباً 329 ملین ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی دریافتوں کے باعث ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن پر انحصار میں نمایاں کمی آئے گی۔
او جی ڈی سی ایل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق باراگزئی ایکس-1 کنواں تیل و گیس کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دریافت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کوہاٹ میں ہونے والی یہ دریافت پاکستان کی نمایاں ایکسپلوریشن کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس کنویں سے یومیہ تقریباً 15 ہزار بیرل تیل اور 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مستقبل میں اس پیداوار کو بڑھا کر 25 ہزار بیرل یومیہ اور 6 کروڑ مکعب فٹ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ ملک کے انتہائی دشوار گزار علاقوں میں سے ایک میں مکمل کیا گیا، جہاں او جی ڈی سی ایل نے محفوظ اور مؤثر آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ ایک اہم آپریشنل کامیابی کے طور پر 8 کلومیٹر طویل پائپ لائن کو ریکارڈ وقت میں بچھایا گیا، جو اس منصوبے کی رفتار اور کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ باراگزئی ایکس-1 کنواں او جی ڈی سی ایل کے پورٹ فولیو کے ساتھ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ پیداوار دینے والا کنواں بن چکا ہے اور یہ ملک کی مجموعی خام تیل پیداوار میں تقریباً 10 فیصد حصہ ڈال رہا ہے، جو قومی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔