ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر ریاست پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پیش رفت کو اہم قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لبنان جنگ بندی کو حزب اللہ کی ثابت قدمی اور اتحاد کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ پیش رفت مزاحمت اور یکجہتی کی عکاس ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اس جنگ بندی کو انتہائی احتیاط کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا اور مکمل کامیابی کے حصول تک تمام فریقین کو متحد رہنا ہوگا، جبکہ اس عمل کو مرحلہ وار اور محتاط انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں اس عمل میں قابل قدر ہیں اور ان پر ایران کی جانب سے اظہار تشکر کیا جاتا ہے۔
ایرانی اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے عہد پر قائم ہے اور اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا، جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔























































































