واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس معاہدے کے لیے ایک تاریخی موقع موجود ہے اور اسے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ایٹمی پروگرام کو ترک کرنا ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر دانشمندانہ اور بہتر فیصلہ کرے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں فیصلہ کن اقدام کی ضرورت ہے۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اب تمام تر صورتحال ایران کے فیصلے پر منحصر ہے اور معاہدے کے لیے یہ ایک اہم اور تاریخی موقع تصور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی سمندری حدود میں امریکی ناکہ بندی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے، جس کا مقصد دباؤ میں اضافہ کرنا ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج کے جنرل ڈین کین نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی مکمل ناکہ بندی پر ہر سطح پر عمل درآمد کر رہا ہے، جبکہ تحویل میں لیے گئے ایرانی بحری جہاز توسکا کے عملے کو محفوظ رکھا گیا ہے۔























































































