آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات اور شیڈول سے متعلق مزید تفصیلات بھی جلد جاری کی جائیں گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کی 12 مخصوص نشستیں برقرار رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی۔
اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ مہاجرین کی نمائندگی ایک تاریخی اور آئینی حقیقت ہے، جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
قرارداد کے مطابق انتخابی نظام میں موجود پیچیدگیوں کو دور کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کے لیے قابل قبول اصلاحات متعارف کرانے کے لیے قانون ساز اسمبلی کے ذریعے مناسب قانون سازی کی جا سکتی ہے۔
دستاویز میں مزید کہا گیا کہ آئینی اصلاحات کا اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس ہے، اس لیے اس معاملے کو قانون ساز اسمبلی کے دائرہ اختیار میں رہنے دیا جائے۔
قرارداد میں سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز، بار کونسل، سول سوسائٹی اور آئینی ماہرین سے مشاورت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ انتخابی اور آئینی معاملات پر وسیع اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
آزاد کشمیر میں انتخابات کے اعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے اور مختلف جماعتوں کی انتخابی مہم شروع ہونے کا امکان ہے۔























































































