پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کے ٹیسٹ مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، کیونکہ انہیں ریڈ بال کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا اور ویسٹ انڈیز و انگلینڈ کے دوروں کے لیے بھی نظر انداز کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ 22 رکنی ریڈ بال کیمپ میں شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہیں کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عدم شرکت کے باعث انہیں آئندہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ شاہین آفریدی نے بنگلادیش کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی تھی، جہاں فرسٹ کلاس کرکٹ کا یہی معیار لاگو نہیں کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق شاہین اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچز میں 60 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 34 ٹیسٹ میچز میں ان کے نام 126 وکٹیں ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2021 کی ٹیسٹ سیریز میں شاہین آفریدی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو میچز میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں، جن میں پہلے ٹیسٹ میں 8 اور دوسرے میں 10 وکٹیں شامل تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نوجوان فاسٹ باؤلرز کو موقع دینا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے محمد علی اور عبید شاہ زیر غور ہیں۔
اس کے علاوہ محمد عباس، عامر جمال اور خرم شہزاد بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
ریڈ بال کیمپ 8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 25 جولائی سے کرے گا۔ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی۔






















































































