آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے تنخواہوں کے لیے 650 ارب روپے جبکہ پنشن کی ادائیگیوں کے لیے 505 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز تیار کر لی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی محصولات سے 1330 ارب روپے آمدن حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فنانس کمیشن کے لیے 800 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سماجی تحفظ کے منصوبوں کے لیے 25 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اسی طرح ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے 150 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
بجٹ تجاویز کے مطابق آپریشنل اخراجات کے لیے 580 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ سرمایہ کاری کے دیگر پروگراموں کے لیے 221 ارب 90 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرونی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ترقیاتی اور سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے 570 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بجٹ مسودے کے مطابق پنجاب کے مجموعی اخراجات 3569 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔






















































































