وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کی طویل رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے اور ایران و امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی معاہدے میں پاکستان کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر روکنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت کو امن، مکالمے اور دانش مندی کی فتح قرار دیتے ہوئے پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے اپنے قائد نواز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر اور ایرانی صدر کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں صبر، تدبر اور دانش مندی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں دنیا امن کے ایک اہم مرحلے تک پہنچی۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے امن مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے یورپی ممالک، برطانیہ اور پاکستان کے دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار کے کردار کی تعریف
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے اور امن کے قیام کیلئے شب و روز محنت کی اور متعدد مشکل مراحل کے باوجود اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن عمل کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزارت خارجہ اور دیگر سرکاری اداروں کے افسران کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
معاہدے کے معاشی فوائد عوام تک پہنچائیں گے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنگ کے اثرات سے عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی، تاہم پاکستانی قوم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بروقت اقدامات کے ذریعے عوام کو مہنگائی کے ممکنہ اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔
شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ امن معاہدے کے نتیجے میں حاصل ہونے والے معاشی فوائد ہر پاکستانی تک پہنچائے جائیں گے اور حکومت اس مقصد کے حصول تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔




















































































