وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے گی تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے پر اس کا فائدہ براہِ راست عوام کو منتقل کیا جائے گا، اور آج اسی وعدے کو پورا کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا، تاہم جنگ بندی کے بعد قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور مزید کمی کی بھی توقع ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام پیدا ہوگا، جس کے مثبت اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی مرتب ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی نے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند کیا ہے اور آج عالمی سطح پر پاکستان کا نام عزت و احترام سے لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ایران کے صدر سے گفتگو ہوئی جس میں ایرانی قیادت نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکومتی شخصیات کی کاوشوں کو بھی سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو اس کامیابی میں انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کسی فرد یا جماعت کو کریڈٹ دینا نہیں بلکہ پوری قوم کے وقار اور مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔





















































































