چند روز قبل بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز کے ایس بھرت کو متحدہ عرب امارات کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کے ایس بھرت کو یو اے ای میں جاری دو روزہ فرسٹ کلاس طرز کے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم “اسٹالینز” کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ان کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد سامنے آئی ہے، جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی ڈومیسٹک مقابلے میں شرکت کریں گے۔
کے ایس بھرت نے 2023 سے 2024 کے دوران بھارت کی جانب سے 7 ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، جہاں وہ زیادہ تر رشبھ پنت کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
انہوں نے اپنے مختصر ٹیسٹ کیریئر میں 7 میچز کھیل کر 221 رنز اسکور کیے، جبکہ ان کا بہترین اسکور 44 رنز رہا۔ فروری 2024 کے بعد انہیں بھارتی ٹیم میں دوبارہ موقع نہیں مل سکا۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کے ایس بھرت نے کہا تھا کہ بھارت کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا اور قومی ٹیم کے ساتھ گزارا گیا ہر لمحہ یادگار رہے گا۔
اب وہ یو اے ای کی دو روزہ چیمپئن شپ میں بطور وکٹ کیپر “اسٹالینز” کی نمائندگی کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کی طویل فارمیٹ کرکٹ میں مہارت، تکنیک اور حکمت عملی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ٹورنامنٹ میں ہر میچ دو روز پر مشتمل ہوگا اور روزانہ 80 اوورز کرائے جائیں گے۔ جیت، 10 وکٹوں سے کامیابی یا اننگز کی برتری حاصل کرنے والی ٹیموں کو اضافی پوائنٹس بھی دیے جائیں گے۔
یہ ایونٹ 19 جون سے شروع ہو چکا ہے، جس میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 4 جولائی کو منعقد ہوگا۔





















































































