وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 215 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہِ ہندوکش کا علاقہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، بٹگرام، سوات، ایبٹ آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ احتیاطاً گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کیا جائے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر کئی اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق اب تک پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





















































































