کراچی کے گل پلازہ آتشزدگی کیس میں پولیس نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، جس میں پلازہ یونین کے صدر سمیت متعدد عہدیداروں کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ استغاثہ کے ذرائع کے مطابق جمع کرائے گئے چالان میں یونین صدر تنویر پاستا، نائب صدر عمار اسماعیل، جنرل سیکریٹری امین اور جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان کو آتشزدگی کے سانحے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی حکام نے چالان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ افراد کی مبینہ غفلت اور حفاظتی انتظامات میں کوتاہی کے باعث حادثے کے سنگین نتائج سامنے آئے۔
تاہم محکمہ استغاثہ نے چالان پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے مزید قانونی جانچ اور ضروری ترامیم کیلئے واپس بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 17 جنوری کو کراچی کی مصروف ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
آگ پر قابو پانے کیلئے امدادی اداروں کو کئی روز تک کارروائیاں کرنا پڑیں جبکہ عمارت میں لگی آگ تقریباً تین روز تک جلتی رہی۔
اس افسوسناک سانحے میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ گل پلازہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمے کی آئندہ کارروائی عدالت میں چالان کی منظوری سے مشروط ہوگی۔





















































































