کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے قومی الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 82 پیسے اضافے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
یہ درخواست مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے، جس پر نیپرا اتھارٹی کل سماعت کرے گی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مئی کے دوران ایندھن کی لاگت میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت بڑھی، جس کے بعد صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اگر نیپرا درخواست منظور کر لیتی ہے تو ملک بھر کے بجلی صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
نیپرا سماعت کے بعد تمام متعلقہ فریقین کا مؤقف سننے اور تکنیکی جائزہ مکمل کرنے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔






















































































