وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی، پارلیمانی نظام حکومت، قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان جمہوری نظام اور جمہوری اقدار کی ضمانت فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین کی روح کے مطابق اقتدار کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور منتخب نمائندے عوام کی خدمت کو ایک مقدس امانت کے طور پر انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان وہ آئینی فورم ہے جہاں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی مسائل پر قانون سازی کی جاتی ہے، جبکہ پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے مختلف طبقات کی نمائندگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی نمائندگی آئینی عزم کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کر کے وفاقی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت، معلومات تک رسائی اور عوامی شرکت جمہوری نظام کی بنیادی ضرورت ہیں، اسی مقصد کے تحت پارلیمان نے قانون سازی، کمیٹی رپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات عوام کے لیے دستیاب بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف عالمی فورمز پر امن، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔






















































































