امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ آئندہ ہفتے ملازمین کی ایک نئی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے دنیا بھر میں 5,500 سے زائد ملازمتیں متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق ممکنہ چھانٹیاں کمپنی کی عالمی افرادی قوت کے 2.5 فیصد سے کم حصے پر مشتمل ہوں گی۔ اس اقدام سے سیلز، کنسلٹنگ اور ایکس باکس (Xbox) گیمنگ ڈویژن سمیت مختلف شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 30 جون 2025 تک مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار مستقل ملازمین تھے۔ اگر چھانٹیوں کا حجم 2.5 فیصد سے کم رہا تو متاثرہ ملازمین کی تعداد تقریباً 5,700 سے کم ہوگی۔
اگرچہ مائیکروسافٹ نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے کاروباری ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے اور اخراجات میں کمی کے لیے تنظیمِ نو پر غور کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ کمپنی اے آئی پر مبنی مصنوعات کی توسیع کے ساتھ دنیا بھر میں نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کر رہی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق مائیکروسافٹ سمیت کئی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے وسائل روایتی کاروباری شعبوں سے منتقل کر کے مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کلاؤڈ انفرااسٹرکچر پر مرکوز کر رہی ہیں۔





















































































