وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی پروپیگنڈا مہم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شدید دباؤ میں ہیں اور ان کے خلاف ذاتی پروپیگنڈا مودی کی ساکھ بحال نہیں کر سکتا۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے ذاتی حملے یا انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے اصل مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان سے شکست کے بعد مودی شدید دباؤ کا شکار ہیں اور ان کے خلاف چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم بھارتی وزیراعظم کی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ راہول گاندھی بھی نریندر مودی کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات پر سوالات اٹھا چکے ہیں، جبکہ ایک برطانوی اخبار نے بھی ان اعزازات کی ساکھ اور شفافیت پر سوال اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی بیرون ملک مصنوعی تعریف اور اپنی ساکھ بہتر بنانے کی کوششیں ناکام ثابت ہوں گی۔




















































































