صدر آصف علی زرداری آج پیر کو 4 روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کرغزستان کے صدر سادیر ژاپاروف کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ یہ دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 21 برس کے دوران کسی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق یہ دورہ دسمبر 2025 میں کرغزستان کے صدر کے کامیاب دورہ پاکستان کا تسلسل ہے اور پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں مسلسل پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور صدر سادیر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، کان کنی، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، ادویہ سازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔
صدر آصف علی زرداری اپنے دورے کے دوران کرغزستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مارلین ماماتالییف سے بھی ملاقات کریں گے۔




















































































