برطانوی ادارے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے جاری گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 میں کراچی کو دنیا کے کم ترین قابل رہائش شہروں میں شمار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا کے 173 شہروں میں 170ویں نمبر پر رہا۔ کراچی سے نیچے صرف ڈھاکا، طرابلس اور دمشق رہے، جبکہ تہران 164ویں اور کیف 166ویں نمبر پر رہتے ہوئے کراچی سے بہتر درجہ بندی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق بڑے شہروں میں شدید ٹریفک، گنجان سڑکیں، جرائم اور شہری سہولیات سے متعلق مسائل درجہ بندی پر منفی اثر ڈالتے ہیں، جس کے باعث کراچی جیسے بڑے شہروں کو کم اسکور ملا۔
گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس دنیا بھر کے 173 شہروں میں استحکام، صحت، ثقافت و ماحول، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر شہری زندگی کے معیار کا جائزہ لیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی نے 100 میں سے مجموعی طور پر 43 پوائنٹس حاصل کیے، جو الجزائر کے برابر ہیں۔
کراچی نے تقریباً تمام شعبوں میں کم اسکور حاصل کیا، تاہم تعلیم کے شعبے میں شہر کی کارکردگی نسبتاً بہتر رہی۔
کراچی کو استحکام کے شعبے میں 20، صحت میں 54، ثقافت و ماحول میں 36، تعلیم میں 75 اور بنیادی ڈھانچے میں 52 پوائنٹس دیے گئے۔
رپورٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کی درجہ بندی پر پڑنے والے اثرات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ایرانی ڈرون حملوں کے بعد مسقط 14 درجے تنزلی کے ساتھ 123ویں نمبر پر آگیا، جو رواں سال کسی بھی شہر کی سب سے بڑی گراوٹ قرار دی گئی۔
اسی طرح دوحہ 7 درجے تنزلی کے بعد 108ویں نمبر پر پہنچ گیا، جبکہ دبئی اور ابوظبی بھی 4، 4 درجے نیچے آگئے اور بالترتیب 79ویں اور 76ویں پوزیشن پر رہے۔





















































































