کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوگیا۔
پانی کی ترسیل متاثر ہونے کے نتیجے میں کراچی کو یومیہ تقریباً 10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی میں کمی کا خدشہ ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش سے کے 2 پمپ ہاؤس متاثر ہوا، جہاں مین فولڈ چیمبر اور مرکزی والوز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ والوز میں جمع پانی نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد فوری طور پر مرمت کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
واٹر کارپوریشن کی تکنیکی ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، جبکہ انجینئرز اور مینٹیننس عملہ موقع پر موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق تکنیکی ٹیمیں خرابی کو جلد از جلد دور کرنے اور پانی کی فراہمی بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فنی خرابی کے باعث کے 2 پمپنگ اسٹیشن کے 3 بڑے پمپ عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق پمپس کی بندش کے نتیجے میں کراچی کو یومیہ تقریباً 100 ملین گیلن یعنی 10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔





















































































