ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، نئے تنازع کا آغاز کسی کے مفاد میں نہیں اور تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان نے کہا کہ تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ امن کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارتکاری کا کوئی متبادل نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی ایک مضبوط بنیاد ہے، تمام فریق مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے سمیت دنیا میں مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ روز جنوبی ایران کے مختلف علاقوں پر متعدد حملے کیے، جبکہ ایرانی حکام نے امریکی حملوں میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آج رات ایران پر مزید حملے کیے جائیں گے۔





















































































