فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے 55ویں منٹ میں گورڈن کے گول کی بدولت ایک صفر کی برتری حاصل کی۔
ارجنٹینا نے میچ کے اختتامی لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 85ویں منٹ میں فرنانڈس کے ذریعے برابر کا گول کر دیا۔
کھیل کے آخری مراحل میں مارٹینز نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے ارجنٹینا کو 2-1 کی برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس فتح کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوسری جانب انگلینڈ کا تقریباً 60 سال بعد ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے اتوار کی شب ہوگا، جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کا سامنا فرانس سے ہفتے کو ہوگا۔























































































