عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئندہ 15 روزہ جائزے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 18 جولائی سے تقریباً 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل مہنگا ہوا ہے، جس کے اثرات مقامی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممکنہ اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کر سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بعض عناصر کی جانب سے مبینہ ذخیرہ اندوزی کا نوٹس لیتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔























































































