برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے تین مرتبہ میئر لندن منتخب ہونے والے صادق خان کو تاحیات لارڈ (Life Peer) بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کی جانب سے جاری کی گئی نئی فہرست میں صادق خان کا نام بھی شامل ہے، جنہیں ہاؤس آف لارڈز کی رکنیت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق شاہ چارلس نے نئی نامزد شخصیات کو لارڈ شپ دینے کی منظوری دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تاحیات لارڈ بننے کے بعد صادق خان برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا، ہاؤس آف لارڈز، کے رکن بن جائیں گے۔
ہاؤس آف لارڈز اس وقت 774 ارکان پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بڑے قانون ساز ایوانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
صادق خان 2016 میں پہلی مرتبہ میئر لندن منتخب ہوئے تھے اور مسلسل تین انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے اس عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔























































































