ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں “آپریشن نصر 2” کی گیارہویں لہر کے تحت شام کے علاقے التنف میں امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق یہ کارروائی ایرانشہر کے علاقے بمپور میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجی اہلکاروں کے ردعمل میں کی گئی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے کے دوران امریکی فوج کا ایک ریڈار سسٹم تباہ کیا گیا، جبکہ اسپیشل آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔
تاہم امریکی حکام کی جانب سے ان دعوؤں کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ایرانی افواج کے پاس ہے اور جب تک امریکا کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں گی، اس خطے سے تیل اور گیس کی برآمدات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔























































































