امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی متعدد مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے نفاذ کا آغاز آئندہ 30 روز کے دوران متوقع ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق نئے ٹیرف کی زد میں آنے والی مصنوعات میں وائن، ہاکی سے متعلق سامان اور سیمنٹ سمیت کئی دیگر اشیا شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ کینیڈا امریکی الکوحل، آٹوموبائل اور ڈیری مصنوعات کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ٹیرف کے نفاذ کے لیے 1930 کے امریکی تجارتی قانون کے ایک سیکشن کو قانونی بنیاد بنایا ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا آزاد اور شفاف تجارت پر یقین رکھتا ہے۔
اپنے بیان میں مارک کارنی نے کہا کہ کینیڈا کئی ماہ سے جاری تجارتی تنازع ختم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور اپنی معاشی طاقت بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔























































































