سعودی عرب نے یمن کی حوثی تنظیم کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی جہازوں پر کسی بھی حملے یا دھمکی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں حوثیوں کے بحری ناکہ بندی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی گئی۔ بیان میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر یمنی عوام کا محاصرہ کرنے کے الزام کو بھی رد کیا گیا۔
سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مملکت یمن کے عوام اور یمن کی “قانونی” حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔
دوسری جانب یمن میں سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جہازوں پر کسی بھی حملے یا حملے کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
اس سے ایک روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔
انصار اللہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کا جواب اسی نوعیت کے اقدامات سے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حوثیوں نے حالیہ دنوں سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملوں کا الزام بھی عائد کیا تھا اور اس کے بعد سعودی عرب کی جانب میزائل حملے کیے تھے، جنہیں سعودی حکام کے مطابق ناکام بنا دیا گیا۔























































































