افغانستان کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق پیر کے روز صوبہ نورستان میں آنے والے اچانک سیلاب نے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سب سے زیادہ نقصان صوبائی دارالحکومت پارون اور اس کے گردونواح میں ہوا۔
افغانستان کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمیوں کو مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیلاب کے باعث پارون میں دریا کے کنارے قائم دکانیں مکمل طور پر بہہ گئیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں کیچڑ، ملبہ اور بڑے بڑے پتھر جمع ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہوٹلوں اور درجنوں دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے مقامی انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔
افغانستان کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے آئندہ دنوں متعدد صوبوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔























































































