پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود کو متفقہ طور پر امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (USCIRF) کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ اس منصب پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی نژاد امریکی اور پہلے جنوبی ایشیائی شخصیت ہیں۔
ڈاکٹر آصف محمود اس سے قبل کمیشن کے وائس چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی دوسری مدت کے لیے تقرری مئی 2026 میں کی گئی تھی، جبکہ ان کی موجودہ مدت 14 مئی 2028 تک جاری رہے گی۔
انہوں نے ماضی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس ادارے میں مسلسل دوسری مدت کے لیے خدمات انجام دینے والے پہلے پاکستانی، پہلے مسلمان اور پہلے ایشیائی ہیں، جسے انہوں نے اپنے لیے اعزاز قرار دیا تھا۔
امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی ایک آزاد مشاورتی ادارہ ہے، جو مذہبی آزادی سے متعلق سفارشات وائٹ ہاؤس، امریکی محکمہ خارجہ اور کانگریس کو فراہم کرتا ہے۔ یہ ادارہ 1998 میں امریکی کانگریس کی قانون سازی کے بعد صدر بل کلنٹن کے دور میں قائم کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کمیشن کے نو ارکان کا تقرر امریکی صدر یا کانگریس میں دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنما کرتے ہیں، جبکہ ڈاکٹر آصف محمود کی دوبارہ تقرری ایوان نمائندگان میں اقلیتی رہنما حکیم جیفریز کی جانب سے کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر آصف محمود نے گزشتہ برس بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر تنقیدی رپورٹ تیار کی تھی، جس میں مقبوضہ کشمیر سمیت مذہبی آزادی سے متعلق مختلف معاملات پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
کمیشن کی سالانہ رپورٹ میں امریکی انتظامیہ سے سفارش کی گئی تھی کہ بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور اس حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا جائے۔
ڈاکٹر آصف محمود بنیادی طور پر پلمونولوجسٹ ہیں اور انسانی حقوق، مذہبی آزادی اور عوامی خدمت کے شعبوں میں سرگرم رہے ہیں۔ ان کا تعلق پنجاب کے شہر کھاریاں سے ہے، جبکہ انہوں نے سندھ میڈیکل کالج سے طبی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف کینٹکی میڈیکل سینٹر اور کولمبیا یونیورسٹی سے اعلیٰ طبی تربیت حاصل کی۔
وہ کیلیفورنیا میڈیکل بورڈ کے رکن بھی ہیں اور مختلف سماجی، طبی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔ انہیں کیلیفورنیا ہاسپٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے ہیومینیٹرین ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔























































































