پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری اسکولوں میں خود طلبہ کو پڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے تدریس کا آغاز کریں گے۔
رانا سکندر حیات کے مطابق وہ لاہور کے ایک اسکول سے اپنی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، جہاں ابتدائی طور پر انگریزی اور کیمسٹری کے مضامین پڑھائیں گے، جو ان کے پسندیدہ مضامین ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرائمری اسکولوں میں انگریزی جبکہ ہائی اسکولوں میں کیمسٹری کی کلاسز لیں گے، تاہم مستقبل میں دیگر مضامین بھی خود پڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ ہر ہفتے کسی نہ کسی سرکاری اسکول کا بغیر پیشگی اطلاع دورہ کریں گے اور طلبہ کو خود پڑھائیں گے تاکہ تدریسی عمل کا عملی جائزہ لیا جا سکے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ کا بے حد احترام کرتے ہیں اور استاد کا کردار ادا کرنا اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے تعلیمی معیار کا بہتر انداز میں جائزہ لینے، تدریسی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور نظامِ تعلیم کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔



















































































