پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے شیر پر مہر لگا کر یہ پیغام دیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وابستہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 24 جولائی کو میرپور میں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد کے موقع پر عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج میرپور کے عوام نے شیر پر مہر لگا کر اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کا سفر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق 21 جولائی کو مظفرآباد کے عوام بھی اپنا فیصلہ دے چکے ہیں، جبکہ 2 اگست کو کشمیری عوام شیر پر مہر لگا کر اس فیصلے کا باضابطہ اظہار کریں گے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 13 حلقوں میں سے 6 کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) 4 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔


















































































