بھارتی اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے نئی دہلی میں طلبہ کے حالیہ احتجاجی مظاہروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے جین زی نسل کو “جنریشن گٹر” قرار دیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب طلبہ کی تنظیم “کاکروچ جنتا پارٹی” (سی جے پی) کی جانب سے امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جبکہ بعد ازاں بھارتی وزیر تعلیم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں مظاہرین کے رویے، زبان اور سوشل میڈیا ویڈیوز پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ہی جگہ اتنی “بدصورتی” پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
اداکارہ نے لکھا کہ ان مظاہروں کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں شدید ذہنی پریشانی ہوئی اور مظاہرین کے اندازِ گفتگو اور طرزِ عمل نے انہیں بے حد مایوس کیا۔
انہوں نے مظاہرین کی پرورش اور تربیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ اس نسل کی رہنمائی کس انداز میں کی جا رہی ہے۔
کنگنا نے مزید لکھا کہ چونکہ مظاہرین خود کو “کاکروچ” کہتے ہیں، اس لیے ان کے رویے اور طرزِ عمل میں انہیں کوئی تضاد محسوس نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیوز دیکھنے کے بعد انہیں ڈیجیٹل دنیا سے کچھ وقت کے لیے دور رہنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید دعویٰ کیا کہ اس نسل کے بعض افراد معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور اسی لیے وہ انہیں “جنریشن گٹر” کہتی ہیں۔
کنگنا رناوت کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں، تاہم طلبہ تنظیم سی جے پی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔




















































































