اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان کی تقدیر صرف اس کے عوام کے ہاتھ میں ہے جبکہ ریاست اپنے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، ترقی، امن و استحکام اور نوجوانوں کے کردار سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے، جبکہ صوبے کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان عناصر کا مقصد بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا اور ریاست اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کو معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنا اور حقائق عوام کے سامنے لانا ضروری ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کیا جانا چاہیے تاکہ صوبے کے مثبت تشخص اور امکانات کو سامنے لایا جاسکے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے اور امن و استحکام کے قیام سے صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔





















































































