لندن: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان لندن میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو ایک اہم پیغام بھی پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی اور دونوں رہنماؤں نے ون آن ون بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور مختلف اہم قومی معاملات زیر بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری کو ایک اہم پیغام بھی پہنچایا، تاہم اس پیغام کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے مختلف قومی معاملات، بالخصوص نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ قومی مفاد میں تمام فریقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ قومی اتفاق رائے کے بغیر کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل ممکن نہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت لندن میں موجود ہیں اور ان کا برطانیہ میں قیام تقریباً دو ہفتے جاری رہے گا۔






















































































