لاہور: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی جماعت اسلامی کی قیادت سے مذاکرات کرے گا۔
لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک طرف مذاکرات کی بات کرتی ہے اور دوسری جانب زبردستی سے کام لیتی ہے، آج کی ملک گیر ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے جبکہ اپنی شاہ خرچیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزرا اور سرکاری افسران کے لیے بڑی گاڑیوں، مفت بجلی اور پیٹرول جیسی مراعات کو ختم کیوں نہیں کیا جاتا۔
دوسری جانب حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد آج لاہور میں جماعت اسلامی کے قائدین سے مذاکرات کرے گا، جس میں دھرنے کے خاتمے اور جماعت اسلامی کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی وفد نیک نیتی کے ساتھ ملاقات کے لیے جا رہا ہے اور دھرنوں اور جلوسوں کے بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت امن اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔
حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کی قیادت کے درمیان مذاکرات آج دوپہر 3 بجے منصورہ میں ہوں گے۔






















































































