لندن: برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ایران جنگ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں سوال کیا اور جنگ کے تاحال جاری رہنے پر حیرت کا اظہار کیا۔
شاہ چارلس سوم نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے اپنی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، معروف بزنس مین آصف رنگون والا اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران شاہ چارلس نے محسن نقوی سے ایران جنگ کے بارے میں سوال کیا اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ جنگ اب بھی جاری ہے۔
محسن نقوی نے شاہ چارلس کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معاملات اس وقت “ایک قدم آگے اور ایک قدم پیچھے” کے مصداق ہیں۔
شاہ چارلس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں سے برطانیہ میں ان کے قیام، لندن کے موسم، فٹنس اور حالیہ کارکردگی کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
برطانوی بادشاہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں آئندہ میچوں کے لیے نیک تمنائیں بھی دیں۔






















































































